ممبئی:3 /فروری (ایس اونیوز /آئی این ایس انڈیا) اتوار کو سماجی کارکن انا ہزارے کے انشن کو پانچ دن ہو گئے۔ جس کے ساتھ ہی دیہی باشندگان نے ان کے انشن کی حمایت میں مہاراشٹر کے احمد نگر ضلع میں ایک ہائی وے کو جام کر دیا جس سے علاقے میں طویل جام لگ گیا۔
انا ہزارے نے مرکزی اور مہاراشٹر میں لوک آیکت کی فوری تقرری اور کسانوں کے مسائل کے حل کے لئے بدھ کو احمد نگر ضلع میں واقع اپنے آبائی گاؤں رالے گن سدھی میں انشن شروع کیا تھا۔
شیوسینا صدر ادھو ٹھاکرے نے مہاراشٹر حکومت سے انا ہزارے کی بھوک ہڑتال میں مداخلت کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ وہ سماجی کارکن کی زندگی سے کوئی کھیل نہ کھیلے۔ انہوں نے وزیر اعظم کے دفتر کے اس مبینہ خط کو ’قابل مذمت اور مضحکہ خیز بتایا جس میں ہزارے کے اچھی صحت کی’’کامنا‘‘ کی گئی تھی۔ شیوسینا صدر نے کہا کہ ہزارے کی لڑائی کرپشن کے خلاف ہے جس کا ملک کو سامنا ہے۔ انہوں نے ہزارے سے بھوک ہڑتال کرکے اپنی جان داؤ پر لگانے کے بجائے لوگوں کے درمیان بیداری پیدا کرنے کے لئے اپنی لڑائی کو سڑکوں پر لے جانے کے لئے کہا۔
81 سال کے انا ہزارے کے مطالبات کی حمایت میں کسانوں اور نوجوانوں نے آج صبح یہاں سے قریب 38 کلو میٹر دور پارنیر تحصیل کے سپا گاؤں میں احمد نگر۔پونے شاہراہ کو جام کر دیا۔ جس کے نتیجے میں وہاں بھاری جام لگ گیا۔ تحریک کے کنوینر نے کہا کہ وہ مرکز میں لوک پال اور ان ریاستوں میں لوک آیکت کی ہزارے کی مانگ کی حمایت کرتے ہیں۔ ساتھ میں کسانوں کے مسائل کو حل کرنے کے لئے سوامی ناتھن کمیشن کی سفارشات کو لاگو کرنے اور کچھ انتخابی اصلاحات کا مطالبہ کی بھی حمایت کرتے ہیں۔